ایسی کہانی کہ یقین کرنا مشکل
فیصل آباد میں”مقتول“ سرکاری ملازم زندہ نکلا، سرکاری اعزاز کیساتھ نشئی کی تدفین کا انکشاف

فیصل آباد (ویب ڈیسک)تھانہ فیڈمک کے علاقہ میں ایک ہفتہ قبل قتل ہونے والا حساس ادارے کا ملازم زندہ نکلا۔.
نامعلوم شخص کو قتل کر کے جلا یا، ناقابل شناخت جلی لاش کو اپنی قرار دے کر اپنے قتل کا ڈرامہ رچایا۔
لاش کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کرنے کے دو دن بعد مردہ کے نام پر موبائل فون سم چلنے سے شروع ہونے والی تحقیقات نے قتل کے ڈرامے کا پول کھول دیا۔
ملزم منصب نے اپنے شناختی کارڈ کی کاپی،سروس کارڈ اور وردی بھی لاش کے قریب پھینک کر اپنے قتل ہونے کا تاثر دیا۔
پولیس نے بھی منصب کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا جبکہ لاش کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کردی گئی۔
پولیس نے تحقیقات کیلئے ملزم کا موبائل فون کا ڈیٹا نکلوایا تو انکشاف ہوا کہ وقوعہ کے دور وز بعد گوجرانوالہ کے علاقہ میں اس کے نام پر موبائل فون سم نکلوا کر ایکٹو کی گئی۔
پولیس نے ملزم کے گھر پر اچانک چھاپہ مارا تو وہ باہر سے لاک کر کے دوسرے دروازے سے گھر میں داخل ہو کر سویا ہوا تھا۔
گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ اس نے جنرل بس اسٹینڈ کے قریب سے ایک نشئی کو ساتھ لے جاکر قتل کر کے لاش جلائی۔
۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے پہلی بیوی کو طلاق دے کر دوسری شادی کی تھی اور اس نے حساس ادارے کی ملازمت چھوڑنے کے ساتھ مرنے کے بعد ملنے والے واجبات اورمراعات کو حاصل کرنے کیلئے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا۔
#pkvillage
Comments