چھوٹا بڑا پیشہ
یونیورسٹی میں ایک مضمون ہوتا تھا پاؤڈر میٹلرجی، جس میں دھاتوں کو باریک پاؤڈر کی صورت میں منتقل کرکے پھر ان سے قابل استعمال پرزہ جات بنانے کی تکنیک سکھائی جاتی تھی.. آج سے تیس سال پہلے سال 1990 میں یہ علم ابھی اپنے اوائل میں تھا. تب پاؤڈر میٹلرجی کے چار گورے ماہرین پر مشتمل ایک وفد برصغیر کی یونیورسٹیوں کے دورہ پر آیا تاکہ طلباء اور اساتذہ تو جدید تحقیق کے متعلق راہنمائی کی جاسکے. وفدکے سارے اراکین پی ایچ ڈی ڈاکٹر اور ریسرچ سکالر تھے. یہ لوگ بھارت سے ہوتے ہوئے پاکستان آئے توانہیں سب سے پہلے ہماری یونیورسٹی میں لایا گیا

دو تین گھنٹے کے تعلیمی سیشن کے بعد چائے کا دور چلا. اس دوران گپ شپ کا ماحول تھا. ہمارے کسی ہم جماعت نے ایک ڈاکٹر صاحب سے پوچھا” آپ کس یونیورسٹی میں پڑھاتے ہیں” اس نے کہا..
آئی ایم اے ٹیکسی ڈرائیور ہم سمجھے یہ مذاق کررہا ہے. پھر سے پوچھا.. مگر آپ تو ماہر سکالر ہیں.. کہنے لگا.. دیٹ از مائی پیشن دس از مائی پروفیشن. وہ میرا شوق ہے اور یہ میرا پیشہ
ملبورن میں کرکٹ کا میچ ہورہا ہوتا ہے. بارش آجاتی ہے. گراؤنڈز مین پچ کورز لے کر بھاگے ہوئے آتے ہیں. گراؤنڈز مین کو آپ مالی بھی کہہ سکتے ہیں. سب کے سب بہترین صاف ستھرے لباس زیب تن کیے ہوئے، ٹائی،بہترین پالش بوٹ. سلیقے سے بال جمے ہوئے . کبھی کمنٹیٹر ان کا انٹرویو لیتے ہیں تو بڑے اعتماد سے بات کرتے ہیں، کوئی احساس کم تری نہیں. آپ اپنے ہاں کے مالیوں کو تصور کریں. اجڑے ہوئے، پراگندہ حال بوسیدہ سی سائیکل.
ترکی میں آپ بس پر سوار ہوتے ہیں. بس کے وسط میں ایک طرف چھوٹا سا آفس ٹیبل لگا ہوتا ہے، اس پر ایک پینٹ کوٹ میں ملبوس باقاعدہ ٹائی لگائے براجمان ہوتا ہے. وہ بس کنڈکٹر ہے. سواریوں کے پاس نہیں جاتا بلکہ سب سواریاں بس میں سوار ہونے کے پاس اس کے پاس جاتی ہیں کرایہ ادا کر کے ٹکٹ حاصل کرتی ہیں پھر جہاں خالی جگہ ہوتی ہے وہاں جاکر کھڑے ہوجاتے ہیں.
ہم آج تک نہیں سمجھ سکے کہ کوئی پیشہ بڑا یا چھوٹا کیسے ہوگیا. پیشہ سے آمدن تو کم زیادہ ہوسکتی ہے مگر پیشہ بڑا کیسے. کوئی امرود بیچ رہا ہے تو وہ کچھ کم آسودہ تو ہو سکتا ہے، چھوٹا آدمی کیسے ہوگیا اور کوئی ڈیپارٹمنٹل سٹور کا مالک ہے تو وہ امیر تو ہو سکتا ہے، بڑا آدمی کیسے ہے. چھوٹا تو وہ ہے جو جھوٹ بول کر مال بیچ رہا ہے یا لوگوں کو دھوکہ دے کر دولت سمیٹ رہا ہے. اسی طرح ایک لوہار ہے، ترکھان ہے، درزی ہے یا کوئی بھی دستکار وہ کسی بینک مینیجر، کسی دفتری بابو سے چھوٹا کیسے ہوا. بلکہ دستکار تو اللہ کا دوست ہے.
الکاسب حبیب اللہ. پھر اللہ کا دوست چھوٹا کیسے..
کوئی تو ہمیں سمجھا دے. اگر نہیں تو خود سمجھ لیں. کوئی پیشہ چھوٹا یا بڑا نہیں. بس کمر کس لیں. آئیں سب ملکر محنت کرتے ہیں. آئیں پاکستان کو خوشحال بنائیں.
.#pkvillage #business #profession #job #rawmaterial #conference
Comments