تخم ملنگاں کاشت کریں اور ایک لاکھ سے زیادہ فی ایکڑ آمدن حاصل کریں
تخم ملنگاں کاشت کریں اور ایک لاکھ سے زیادہ فی ایکڑ آمدن حاصل کریںتخم ملنگاں یا بلنگو کے نام سے تو آپ واقف ہی ہوں گے. ہماے ہاں بازاری شربت اور فالودے وغیرہ میں اس کا استعمال عام ہے. لیکن اس سب سے بڑھ کر تخم ملنگاں یونانی طریقہ علاج میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے.

ہمارے ہاں حکیم حضرات تخم ملنگاں کے ذریعے پھوڑے پھنسیوں، سوزش، جلن، پیشاب اور معدے کے جملہ مسائل، سانس کا عارضہ، گردے کے مسائل، جگر اور اعصابی و نفسیاتی مسائل کا شافی علاج کرتے ہیں. اس کے علاوہ تخم ملنگاں گینٹھیا، جوڑوں کا درد، بیکٹیریا اور فنگس سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور قے اور ضعف قلب کے علاج کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے.
جدید سائنس نے ثابت کیا ہے کہ تخم ملنگاں خون میں پائے جانے والے کولیسٹرول اور ٹرائی گلائسرائڈ میں کمی کا باعث بنتا ہے
تخم ملنگاں پاکستان سمیت افغانستان، چائنہ، انڈیا، ترکمانستان، قزاکستان، کرغستان، روس، تاجکستان، ازبکستان، جنو ب مشرقی ایشیا اور یورپ کے کئی ممالک میں کاشت کیا جاتا ہے.
پنجاب میں کئی کاشتکار پچاس پچاس ایکڑ پر بھی تخم ملنگاں کی فصل کاشت کررہے ہیں. خاص طور پر جنوبی پنجاب یا وہ علاقے جہاں کاشت کاروں کو پانی کی کمی کا سامنا ہے وہاں تخم ملنگاں کی فصل بڑی کامیابی سے کاشت کی جا سکتی ہے. اس کا پودا وجود کے اعتبار سے نازک ہوتا ہے لیکن یہ پانی کی کمی کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے.اس کا قد ایک سے ڈیڑھ فٹ تک ہو جاتا ہے.
تخم ملنگاں کی فصل کاشت کر کے آپ فی ایکڑ 60 ہزار سے لے کر سوا لاکھ فی ایکڑ تک آمدن حاصل کر سکتے ہیں. آئیے آپ کو تخم ملنگاں کی کاشت اور اس کے آمدن و اخراجات کے متعلق تفصیلاََ آگاہ کرتے ہیں.
تخم ملنگاں کی کاشت کب اور کیسے کرنی چاہئے؟
ہ مضمون لکھنے میں ہم نے ضلع لودھراں کے ایک ماہر زراعت اور ترقی پسند کاشتکار جناب محمد طارق کے ذاتی تجربات سے استفادہ کیا ہے جو گزشتہ چار سال سے تخم ملنگاں کامیابی سے کاشت کر رہے ہیں.
تخم ملنگاں کی کاشت بالکل برسیم کی طرح کی جاتی ہے. زمین تیار کرنے کے بعد پانی لگائیں. جب زمین پانی جذب کر لے تو پھر اس میں تخم ملنگاں کے بیج کا چھٹا لگا دیں. واضح رہے کہ چھٹے کے وقت کھیت میں پانی کھڑا نہیں ہونا چاہئے بلکہ جب پانی مکمل طور پر جذب ہو جائے تو اس وقت چھٹہ کریں. تخم ملنگاں کی فصل کو عام طور ایک بوری ڈی اے پی کھاد ڈالی جاتی ہے. ڈی اے پی کھاد بجائی کے وقت ہی ڈال دینی چاہئے
فی ایکڑ کاشت کے لئے کتنا بیج درکار ہے؟
شرح بیج کا انحصار طریقہ کاشت پر ہے. اگر آپ تخم ملنگاں کی فصل بذریعہ چھٹہ کاشت کر رہے ہوں تو پھر فی ایکڑ بیج 3 سے 4 کلو گرام تک درکار ہو گا.
تخم ملنگاں کی فصل کتنے عرصے میں پک کر تیار ہو جاتی ہے؟
تخم ملنگاں کی فصل 4 سے 5 مہینے میں پک کر تیار ہو جاتی ہے.نومبر میں کاشت کی ہوئی فصل مارچ میں پکنا شروع ہو جاتی ہے. تخم ملنگاں کی فصل کا سارا ایکڑ ایک ہی وقت میں پک کر تیار نہی ہوتا بلکہ بیچ بیچ میں سے تھوڑا تھوڑا کر کے پکتا رہتا ہے. کبھی ایک جگہ سے ایک آدھ مرلے کی فصل پک گئی تو کبھی دوسری جگہ سے. واضح رہے کہ جیسے جیسے آپ کی فصل پکتی جائے ویسے ویسے آپ اسے کاٹتے جائیں. پکی ہوئی فصل کو زیادہ دیر کھیت میں کھڑے رکھنا بہتر نہیں ہے. کیونکہ اگر پکے ہوئے پودوں پر بارش ہو گئی تو پیداوار کا نقصان ہو سکتا ہے.
تخم ملنگاں کی فصل کو کتنے پانی کی ضرورت ہے؟
اگر کہا جائے کہ تخم ملنگاں کی فصل بغیر پانی کے پک کر تیار ہو جاتی ہے تو یہ بے جا نہ ہوگا.
ویسے تو اسے جس پانی میں کاشت کیا جاتا ہے اسی پانی پر ہی یہ فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے. لیکن اگر ضرورت پڑے تو آپ اسے ایک پانی لگا سکتے ہیں. محمد طارق کے بقول اگر اسے دوسرا پانی لگا دیا جائے تو اس کا قد ضرورت سے زیادہ بڑھ جاتا ہے. قد بڑھنے سے تخم ملنگاں کی فصل گر جاتی ہے جس کے سبب اس کی پھلیوں میں بیج یا تو بالکل ہی نہیں بنتے یا پھر بہت ہی کم بنتے ہیں. اس لئے اسے ضرورت سے زیادہ پانی نہیں لگانا چاہئے.
جڑی بوٹیاں اور کیڑے مکوڑوں کا کنٹرول کیسے کرنا ہے؟
جری بوٹیاں مارنے کے لئے جب تخم ملنگاں کی فصل کا اگاؤ مکمل ہو جائے اور جڑی بوٹیاں زیادہ ہوں تو آپ نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹی مار زہر ٹاپ سٹار کا سپرے کر سکتے ہیں. اس سپرے سے تخم ملنگاں میں جڑی بوٹیوں کا بڑی حد تک خاتمہ ہو جائے گا.عام طور پر تخم ملنگاں کی فصل پر کیڑے مکوڑوں کا حملہ کم ہی ہوتا ہے. لیکن پھر بھی آپ اپنی فصل پر نظر رکھیں. اگر کبھی رس چوسنے والے کیڑے حملہ آور ہو جائیں تو موقع کی مناسبت سے زہر سپرے کیا جا سکتا ہے.
تخم ملنگاں کی برداشت یا گہائی کیسے کرنی ہے؟
جب تخم ملنگاں کی فصل پک جائے تو اسے درانتی سے کاٹ لیں یا ہاتھ سے اکھاڑ لیں.فصل کاٹنے کے بعد اسے سوکھنے کے لئے ایک دو ہفتوں تک چھوڑ دیں. اس کے بعد اس کی گہائی کر لیں.تخم ملنگاں کی گہائی کے دو طریقے ہیں. پہلا طریقہ پانی والا اور دوسرا مشین والا.
پانی والے طریقے سے اگر آپ گہائی کرنا چاہیں تو ایک بڑا سا ڈرم لے لیں اور اسے پانی سے بھر لیں. تخم ملنگاں کے پُولے لے کر اس کی پھلیاں ڈرم کے پانی میں اچھی طرح ڈبو کر باہر نکال لیں. باہر نکالتے ہی اسے اچھی طرح سے جھٹک کر ایک طرف رکھ دیں. پانی سے گیلا ہونے کی وجہ سے تخم ملنگاں کی پھلیوں کا منہ کھل جاتا ہے. پھلیوں کے منہ کھلنے پر اسے تلوں کی طرح الٹا کر کے جھاڑ لیا جاتا ہے.
دوسرا طریقہ مشین کا ہے.
گندم والی تھریشر میں باریک جالی لگا کر بھی اس کی گہائی کی جا سکتی ہے. تھریشر سے گہائی کرنے کی صورت میں اسے پانی وغیرہ میں ڈبونے کی ضرورت نہیں پڑتی.
تخم ملنگاں کی فی ایکڑ پیداوار کتنی ہو جاتی ہے؟
اگر اچھی طرح دیکھ بھال کی جائے تو تخم ملنگاں کی پیداوار 10 سے 12 من فی ایکڑ تک بھی جا سکتی ہے. لیکن اس کی اوسط پیداوار 5 سے 6 من فی ایکڑ تک ہی ہوتی ہے.
تخم ملنگاں کی فصل میں کون سی احتیاط کرنی چاہئے؟
جب تخم ملنگاں کی فصل پک رہی ہوتی ہے تو پکی ہوئی فصل کو بارش سے بچانا ضروری ہے. اگر پکی ہوئی فصل پر بارش ہو گئی تو اس میں لگی ہوئی پھلیوں کا منہ کھل جائے گا اور ہوا چلنے کی صورت میں اس کا بیج نیچے گر کر ضائع ہو جائے گا. لہذا ضروری ہے کہ جیسے جیسے فصل پکتی جائے ویسے ویسے اسے اکھاڑتے جائیں اور کسی بارش سے محفوظ جگہ پر سٹور کرتے جائیں. محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں پر نظر رکھیں. ویسے مارچ اپریل میں بارش کا امکان کم ہی ہوتا ہے اس لئے کوئی ایسی پریشانی کی بھی ضرورت نہیں ہے.تخم ملنگاں کی پیداوار کہاں فروخت کی جا سکتی ہے؟راؤمحمد طارق نے اسی سال 52 من تخم ملنگاں، 12 ہزار روپے فی من کے حساب سے فروخت کیا ہے.
محمد طارق کے مطابق بیوپاری خود آ کر تخم ملنگاں کی جنس خرید لیتے ہیں. محمد طارق کا موبائل نمبر اس مضمون کے آخر میں دے دیا جائے گا. اگر آپ بھی تخم ملنگاں کے بیوپاریوں کا رابطہ نمبر حاصل کرنا چاہیں تو محمد طارق سے رابطہ کر سکتے ہیں.
تخم ملنگاں کا بیج کہاں سے ملے گا اور قیمت کیا ہوگی؟
تخم ملنگاں کاشت کرنے کے لئے اس کا بیج ایک سال سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہئے. ویسے تو آپ کو تخم ملنگاں کا بیج کسی بھی پنسار کی دکان سے مل سکتا ہے لیکن پنسار کی دکان سے لیا گیا بیج ایک سال سے زیادہ پرانا بھی ہو سکتا ہے .
اس لئے بہتر یہ ہے کہ آپ کسی ایسے کاشتکار سے بیج حاصل کریں جو خود تخم ملنگاں کی فصل کاشت کرتا ہو اور اس بات کی پوری تسلی ہو کہ بیج ایک سال سے زیادہ پرانا نہیں ہے.کاشتکاروں کی سہولت کے پیش نظر میں یہاں تخم ملنگاں کے ایک کاشتکار راؤ محمد طارق کا موبائل نمبر دے رہا ہوں. آپ ان سے بات چیت کر کے بیج حاصل کر سکتے ہیں. آپ کو محمد طارق سے یہ بیج کم و بیش 400 روپے فی کلو کے حساب سے مل سکتا ہے..
مجھے امید ہے کہ آپ اگر زیادہ نہیں تو دو چار کنال پر ضرور تخم ملنگاں کی فصل کاشت کرنے کا تجربہ کریں گے.محمد طارق سے رابطہ کرنے کے لئے موبائل نمبر نوٹ کر لیں
03004837090 تحریرڈاکٹر شوکت علی
Comments