جاب ہنٹنگ
ایک روز دفتر میں بیٹھا تھا معلوم ہوا ایک شخص ملاقات کا متنی ہے. بلا بھیجا. وہ منحنی سا کسی قدر ادھیڑ عمر، بالکل سادہ سے شلوار قمیض میں ملبوس شخص تھا. عام سا کاریگر دکھائی دے رہا تھا اور نوکری کی تلاش میں تھا. میں نے معذرت کرلی کہ فی الحال فیکٹری میں کوئی گنجائش نہیں ہے. وہ چلا گیا

!اگلے روز پھر آگیا
. میں نے کہا بھائی آپ سے کل بھی گذارش کی تھی. کہ گنجائش نہیں. کہنے لگا سر پانچ منٹ میری بات سن لیں. بات سنی. تو لگا کہ جیسے مجھے اس آدمی کی عرصہ سے تلاش تھی. وہ نہ صرف یہ کہ بہت مختلف کاموں میں ماہر تھا بلکہ بڑی بڑی فیکٹریوں میں بطور پروڈکشن سپروائزر کام کر چکا تھا. پھر بہت عرصہ اس نے میرے پاس کام کیا اور بطریق احسن کیا.
گذارش یہ ہے کہ آپ کے اندر لاکھ گن ہوں لیکن آجر کو کیسے علم ہوگا. سو انتہائی ضروری ہے کہ آپ کے پاس باقی صلاحیتوں کے ساتھ یہ گن بھی لازمی ہو کہ اپنی صلاحیتوں کا تعارف کیسے کرواتے ہیں.
بہت سے لوگ ایسے دیکھے ہیں کہ بہت باصلاحیت ہوتے ہیں لیکن اظہار کے عجز یا اعتماد کی کمی کے باعث اچھی جگہ نوکری حاصل نہیں کرپاتے. یہی حال پڑھے لکھے نوجوانوں کا ہے. زبردست گریڈ کے ساتھ گریجویٹ یا ایم ایس کیا ہوتا ہے مگر پر کشش سی وی بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتے.اور اگر سی وی کسی کی مدد سے بنا بھی لیں تو انٹرویو میں خود کواس سی وی کا حامل ثابت نہیں کرپاتے.
جو دوست متحدہ عرب امارات میں وہ بتاتے ہیں کہ جاب ہنٹنگ کے معاملہ میں بھارتی ہم سے بہت بہتر ہیں. نہ صرف ہر جگہ دھیان رکھتے ہیں، بہت اچھے طریقے سے سی وی بناتے ہیں بلکہ بااعتماد طریقے سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار بھی کرتے ہیں. جس کی وجہ سے پاکستانیوں سے زیادہ نوکریاں حاصل کرلیتے ہیں۔
یہی حال سعودی عرب اور دیگر ممالک کا ہے.
میں ہمیشہ سے اس بات کا قائل رہا ہوں کہ خصوصاً پروفیشنل گریجوئیٹ اور عموماً تمام گریجوئیٹس کو کم از ایک سبجیکٹ لازمی ایسا پڑھایا جانا چاہیے جس سے ان اعتماد پیدا ہو اور بہتر طریقے سے گفتگو کرسکیں. اسی طرح پروفیشنل تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ بیرون ملک جاکر نوکری کی تلاش کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کے لئے دو تین ہفتوں کا جاب ہنٹنگ کورس ڈیزائن کریں. نہ صرف انکا بھلا ہو گا بلکہ نوجوانوں کی اور قوم کی بھلائی بھی ہوگی.
لیکن…
میرے جوانو! جب تک ایسا کوئی کورس نہیں بنتا. آپ خود کوشش کریں. اپنا وقت اور توانائی بیکار باتوں پر خرچ کرنے کی بجائے، تقریر کا فن سیکھیں. مافی الضمیر بیان کرنا سیکھیں. اپنی قدر میں اضافہ کریں.
نومبر 23، 2019. کی تحریر
( ابن فاضل)
#ابن_فاضل
Comments