ایک لیٹر تیل کی قیمت تم کیا جانو عمران بابو؟؟
تحریر:-عزیز اُللہ خان ایڈوکیٹ
لاہور میری رہائش عسکری الیون لاہور میں ہے اور میرا چیمبر لاہور ہائیکورٹ کے سامنے واقع ایک بلڈنگ میں ہے
میرے گھر سے میرے دفتر کا فاصلہ تقریباً تیس یا پنتیس کلو میٹر ہوگا میں 2021 کے اوئل میں اپنی کار میں دو ہزار کا پیٹرول ڈلواتا تھا تو میرے گھر سے دفتر اور پھر واپسی کے پانچ چکر لگتے تھے
میرے پاس 2004 ماڈل ہنڈا کار ہے جو ایک لیٹر میں 11/12 کلو میٹر کرتی ہے کل صُبح دفتر جاتے ہوئے میں نے دس لیٹر پیٹرول ڈلوایا تو میں نے 1383 ادا کیے
آج صُبح پیٹرول ڈلوانے گیا اور دس لیٹر پیٹرول ڈلوایا تو وہاں پر موجود لڑکے نے مجھ سے 1459 روپے طلب کیے
تو میں حیران رہ گیا غصے سے بولا یار آج نہ تو مہینہ کی پندرہ تاریخ ہے نہ ہے یکم کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو اور ویسے بھی ہمارے عظیم قائد عمران خان نے یکم نومبر کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ اب مذید اضافہ نہیں ہوگا
میری اس بات پر لڑکا بولا صاحب رات سے قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور پیٹرول کی قیمت ساڑھے سات روپے بڑھ کر 145 روپے 82 پیسے ہو گئی ہے
اچانک یاد آیا عمران خان کی پرسوں شام عوام سے خطاب فرمایا تھا جس میں اُنہوں نے عوام کو احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے کی سب سڈی دیتے ہوئے ساتھ ہی تیل کی مصنوعات میں اضافہ کا بھی اشارہ کیا تھا
مگر یہ اضافہ اتنی جلدی اور رات کی تاریکی میں ہو گا اس بات کا اندازہ کسی کو بھی نہ تھا
یہ سب سُن کر آج تو میں بھی گھبرا گیا کہ آئندہ کیا ہوگا کیونکہ ابھی بُہت سی یکُم اور پندرہ تاریخیں آنی ہیں؟؟پاکستان میں اب صرف وہ نہیں گھبرا سکتے جنکے پاس حرام کی کمائی ہے یا وہ لوگ حکومت میں ہیں ورنہ اب تو سب کا گھبرانا بنتا ہے
ایک اعلامیہ کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 145روپے 82 پیسے ہوگئی ہے، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8روپے 14 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت 6 روپے 27 پیسے اضافے سے 116روپے 53 پیسے کردی گئی ہے۔
اس سے قبل 16 اکتوبر 2021 ء کو حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے، پیٹرول میں 10 روپے 49 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں دس روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ حالانکہ نیپرا نے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے اضافہ کی سفارش کی تھی مگر خانصاحب کی حکومت نے اُسے دس روپے اُنچاس پیسے کر دیا
عمران خان صاحب فرما رہے ہیں کہ پاکستان میں اب بھی پیٹرولم مصنوعات کی قیمتیں دُنیا سے بُہت کم ہیں تو مجھے انکے بیان سے شرمندگی ہوئی کہ سوشل میڈیا اور گوگل کے اس دور میں اُنکا یہ بیان پاکستانی عوام کیسے ہضم کرے گی
کاش خان صاحب کو کوئی یہ بتائے کہ دُنیا میں فی کس آمدنی کیا ہے اور اُنکی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں کتنی مضبوط ہے اور ہمارے روپیہ کا ڈالر نے مار مار کے کیا حال کر دیا ہے
میں 2018 سے عمران خان کی حکومت اور پالیسیوں کا حامی رہا ہوں مگر تین سال گزرنے کے باوجود جو حشر عمران خان صاحب کے وزرا نے پاکستان کے ساتھ کیا ہے اور اب خان صاحب خود کر رہے ہیں
مہنگائی نے ایک عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے پنجاب میں بیرو کریسی بُزدار حکومت کے قابو میں نہیں ہے
منافع خور اور رشوت خوروں کے مزے ہیں اور اُنہیں کوئی لگام ڈالنے والا نہیں ہے جن باتوں سے عمران خان اپوزیشن میں رہ کر نفرت کرتے تھے
آج وہی سب اُنکی حکومت کر رہی ہے جو کام اپوزیشن کی ساری جماعتیں ملکر نہ کر سکیں وہ خود عمران خان اور اُنکے ساتھیوں نے اپنے ہاتھوں سے خود کر دیا خان صاحب اب آئیندہ الیکشن میں آپ کا گھبرانا بنتا ہے
کیونکہ پاکستانی عوام تو اب واقعی گھبرا گئی ہے
Comments